ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بورڈکی کل جماعتی میٹنگ،پرسنل لا بورڈ کی دستخطی مہم میں بھرپور حصہ لینے اور دیگرمذاہب وطبقات کوساتھ لے کرچلنے کا فیصلہ

بورڈکی کل جماعتی میٹنگ،پرسنل لا بورڈ کی دستخطی مہم میں بھرپور حصہ لینے اور دیگرمذاہب وطبقات کوساتھ لے کرچلنے کا فیصلہ

Fri, 21 Oct 2016 02:01:59    S.O. News Service

نئی دہلی20اکتوبر(ایس او نیوز)  آل انڈیامسلم پرسنل لاء  بورڈ کی دعوت پر دینی و ملی جماعتوں کی ایک میٹنگ منعقد ہوئی جس میں اس بات پر اتفاق ہوا کہ مسلم پرسنل لا بورڈ کی جانب سے جو تحریر روانہ کی گئی ہے، اُس کو بڑی تعداد میں دستخط کرواکر بورڈ کے آفس کو روانہ کیاجائے تمام مسلمان دستخطی مہم میں بھرپور حصہ لیں، دستخط شدہ تمام کاغذوں کو صدر جمہوریہ ہند کو مناسب وقت پر جمع کردیاجائے۔میٹنگ میں اس بات کا بھی فیصلہ کیا گیا کہ مسلم پرسنل لاء کے دفاع میں جلسے، ریلیاں، دھرنے اور خطابات عام منعقد نہیں کئے جائیں صرف بورڈ کے آفس سے فراہم کردہ فارم تک خود کو محدود رکھا جائے۔ بتایا گیا کہ  آدی باسی، دلت، عیسائی، سکھ، بودھ اور جینیوں کو ساتھ لے کرایک بڑی پریس کانفرنس منعقد کررہے ہیں۔ یہ خوش آئند بات ہے کہ وہ بھی یونیفارم سول کوڈ کے خلاف آوازبلندکررہے ہیں۔براہ کرم اس سلسلہ میں جوش و جذبات کا مظاہرہ نہ کریں بلکہ پوری طاقت بورڈ کی جانب سے فراہم کردہ فارم پر دستخط کروانے پر لگائیں تاکہ بڑی تعداد میں یہ فارم پُرکرائے جاسکیں۔

 میٹنگ میں  مولانا ارشد مدنی صدر جمعیت علماء ہند، مولانا جلال الدین عمری امیر جماعت اسلامی ہند، مولانا محمد ولی رحمانی جنرل سکریٹری آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ، مولاناقاری محمد عثمان صاحب صدر جمعیت علماء ہند، مولانا اصغر علی امام مہدی سلفی صاحب ناظم عمومی مرکزی جمعیت اہل حدیث، ڈاکٹر محمد منظور عالم جنرل سکریٹری آل انڈیا ملی کونسل، جناب نوید حامد صاحب صدر آل انڈیا مسلم مجلس مشاورت، جناب کمال فاروقی صاحب رکن آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ، جناب ڈاکٹر سید قاسم رسول الیاس صاحب رکن مجلس عاملہ آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ، مولانا اسرارالحق قاسمی صاحب رکن مجلس عاملہ آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ، مولانا فضل الرحمن صاحب (جمعیت علماء ہند)، مولانا عبدالوہاب خلجی صاحب نائب صدر آل انڈیا ملی کونسل، جناب نصرت علی صاحب نائب امیر جماعت اسلامی ہند، مولانا انعام الحق مدنی صاحب جمعیۃ اہل حدیث اور مولانا عبیداللہ خاں اعظمی سابق ایم پی نے شرکت فرمائی۔
 


Share: